Geo News
Geo News

پاکستان
09 دسمبر ، 2015

بہت خوشی ہوئی آپ آئیں، وزیراعظم کا سشما سے مکالمہ

 بہت خوشی ہوئی آپ آئیں، وزیراعظم کا سشما سے مکالمہ

اسلام آباد........وزیر اعظم نواز شریف نے ایوان وزیر اعظم پہنچنے پر سشما سوراج کا پرتپاک استقبال کیا، حال احوال دریافت کیا، اپنے مشیروں کا تعارف کرایا۔

بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج اپنے وفد کے ہم راہ وزیراعظم نواز شریف سے ملنے آئیں تو ابتدائی بات چیت اردو میں ہوئی۔ سشما نے مصافحے کے لیے ہاتھ بڑھایا تو نواز شریف نے ان سے حال دریافت کیا۔ اس کے بعد وزیراعظم نے سشما سے اپنی ٹیم کا تعارف کرایا۔

سشما کے وفد میں شامل ارکان میں سے ایک نے تو وزیراعظم کو السلام علیکم بھی کہا، جس پر وزیراعظم نے بھی اسے وعلیکم السلام سے جواب دیا۔ اپنی زبان میں سب کو آسانی محسوس ہو رہی تھی۔ باہمی تعلقات میں جو تنائو تھا، چہروں پر اس کا نشان بھی نہیں تھا۔

زبان اپنی تھی اس لیے دل کی بات دل تک پہنچا رہی تھی۔ ملاقات ایک گھنٹا جاری رہی۔ اس سے پہلے سشما سوراج کی وزیراعظم کی صاحب زادی مریم نواز سے بھی ملاقات ہوئی۔ مریم نے کریم کلر کا جوڑا زیب تن کر رکھا تھا جب کہ سشما نے اپنی ہری ساڑھی پر سنہری پلو لے رکھا تھا۔

طرفین کی ملاقاتوں میں خیرسگالی کا جو جذبہ نظر آ رہا ہے وہ کل بھی نظر آیا تھا۔ کل سشما مدت بعد سرتاج عزیز سے ملیں تو سشما نے بزرگ سرتاج عزیز کو پورا احترام دیا اور ان کے دونوں ہاتھ تھام لیے۔

بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج اور مریم نواز کے درمیان ملاقات میں بھی خوشگوار جملوں کا تبادلہ ہوا۔ مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ سشما سوراج جی سے ملاقات خوشگوار تجربہ تھا۔

مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ـ’’ٹوئٹر‘‘ پر لکھا کہ سشما سوراج نے بتایا کہ ان کےو الدین کا تعلق دھرم پورہ لاہور سے تھا، دونوں ملکوں کے عوام ایک دوسرے سے دوستانہ تعلقات چاہتے ہیں۔

مزید خبریں :