10 دسمبر ، 2015
واشنگٹن........امریکہ نے پاک بھارت جامع مذاکرات کی بحالی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ملک سیاسی اور عسکری تعلقات کو بھی فروغ دیں ،تصفیہ طلب مسائل بات چیت کے ذریعے حل کئے جائیں۔
دونوں ملک خود طے کریں کہ کس سطح پر ملاقاتیں ہوں اور کیا بات چیت کی جائے،امریکہ دونوں ملکوں کے درمیان بات چیت کی حوصلہ افزائی کرتا رہے گا،پاک بھارت تعلقات دونوں ملکوں کے ساتھ ساتھ خطے میں استحکام کے لئے ناگزیر ہیں۔
میڈیا کو معمول کی بریفنگ میں امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان جان کربی نے کہا کہ اسلام آباد میں وزیراعظم نوازشریف اور دیگر حکومتی رہنماوں سے بھارتی وزیر خارجہ سشما سواراج کی ملاقات اور دونوںملکوں کے درمیان مذاکرات حوصلہ افزا پیش رفت ہے ۔ پاکستان اور بھارت کو دوطرفہ مسائل بات چیت کے ذریعے حل کرنا چاہئیں۔
تصفیہ طلب امور کے لیے بات چیت کا سلسلہ جاری رکھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا امریکا کی خواہش ہے جنوبی ایشیا کے اہم پڑوسی ملک مذاکرات کریںاور بات چیت کا سلسلہ چلتا رہے۔انھوں نے کہا کہ امریکا پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے اور چاہتا ہے دونوں ملکوں کے درمیان سیاسی و عسکری تعلقات مزید فروغ پائیں۔ترجمان نے یاد دلایا کہ امریکہ شروع ہی سے اس بات پر زور دیتا آیا ہے کہ بھارت و پاکستان کو باہمی طور پر درپیش معاملات پر مکالمہ کرنا ہوگا تاکہ، دونوں ملک درپیش، کچھ پرخار مسائل کا سفارتی حل تلاش کر سکیں۔