28 جنوری ، 2012
لاہور …لاہور میں ادویات کے ری ایکشن سے آج دو خواتین سمیت تین افراد جاں بحق ہو گئے۔ محکمہ صحت کے مطابق مرنے والوں کی تعداد 85 ہوگئی جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب کے اعداد و شمار کو دیکھا جائے تو یہ بیماری اب تک109 زندگیاں نگل چکی ہے۔پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں دی جانے والی ادویات سے ہلاکتوں کاسلسلہ جاری ہے۔ آج ساٹھ سالہ رشیداں بی بی، ستر سالہ سرور بیگم اور بیالیس سالہ رحمت دم توڑ گئے۔ وزیراعلی شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ ادویات کے ری ایکشن سے ہلاکتوں کے بارے میں انکوائری کا دائرہ کار وسیع کیا جائے اور کسی پہلو کو نظر انداز نہ کیا جائے تاکہ کوئی بھی ذمہ دار بچ نہ سکے۔ ادھرمحکمہ صحت کی طرف سے مریضوں سے ادویات واپس لینے کا سلسلہ جاری ہے۔