Geo News
Geo News

صحت و سائنس
14 دسمبر ، 2015

لاہور: محکمہ صحت کے ملازمین کا مطالبات کے حق میں مظاہرہ

لاہور: محکمہ صحت کے ملازمین کا مطالبات کے حق میں مظاہرہ

لاہور.......لاہور میں محکمہ صحت کے ملازمین اور بلال گنج کے تاجروں نے اپنے مطالبات کے حق میں مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے مال روڈ بلاک کردی، ٹائر جلائے اور بینرز اٹھا کر نعرے بازی کی۔

مال روڈ پر احتجاج کے باعث ٹریفک کی آمد و رفت بھی معطل رہی جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ چیرنگ کراس پر ٹا ئر جلا کر احتجاج کرتے یہ بلال گنج کے تاجر ہیں جو کسٹم حکام کے خلاف اپنے غم و غصے کا اظہار کر رہے ہیں۔

مظاہرین نے الزام لگا یا کہ حکام نے مارکیٹ میں رات کی تاریکی میں چھاپہ مارا اور کروڑوں روپے کا سامان اٹھاکر لے گئے، سامان کی واپسی تک احتجاج جاری رہے گا۔

دوسری طرف پنجاب اسمبلی کے سامنے محکمہ صحت کے ملازمین نے بھی احتجاج کیا۔ ان کا مطالبہ ہے کہ وہ سالہاسال سے محکمہ صحت میں کام کررہے ہیں مگر ابھی تک انہیں سروس اسٹرکچر نہیں دیا گیا،جو مراعات دی جارہی ہیں وہ بھی نہ ہونے کے برابر ہیں،مطالبات کی منظوری کیلئے متعدد بار احتجاج بھی کرچکے، مگر شنوائی نہیں ہورہی۔

محکمہ صحت کے حکام کے ساتھ مذاکرات کے بعد پیرا میڈیکل سٹاف نے جبکہ کسٹمز حکام کیطرف سے دو روز میں سامان واپس کروانے کی یقین دہانی پر تاجروں نے احتجاج ختم کر دیا۔

مزید خبریں :