17 دسمبر ، 2015
اسلام آباد.....پاکستان نے سعودی عرب کی زیر قیادت 34 اسلامی ممالک کے فوجی اتحاد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اتحاد کا حصہ بننے کے لیے حدود و قیود کی تفصیلات کا انتظار ہے ۔
ترجمان دفتر خارجہ قاضی خلیل اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف 34 ملکوں کے اتحاد کا خیرمقدم کرتا ہے، اس اتحاد میں پاکستان کی شرکت کے لیے حدود و قیود کی تفصیلات کا انتظار ہے، پاکستان دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف جنگ میں عالمی اور علاقائی سطح پر ہر قسم کے تعاون کے لیے پُر عزم ہے۔
سعودی عرب کی زیر قیادت بننے والی فوجی اتحاد میں مصر، قطر ، عرب امارات، ترکی، بنگلا دیش اور ملائیشیا سمیت کئی افریقی مسلم ممالک شامل ہیں، تاہم ایران، شام ا ور عراق اس اتحاد کا حصہ نہیں ۔
اس فوجی اتحاد کا آپریشن سینٹر ریاض میں ہو گا۔سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان کے مطابق اس فوجی اتحاد کے ذریعے عراق، شام، لیبیا مصر اور افغانستان جیسے ممالک میں شدت پسندی کے خلاف کوششوں کو مربوط کیا جائے گا۔