23 دسمبر ، 2015
ممبئی.......دبنگ خان کے سر پر پھر خطرہ منڈلانے لگا،مہاراشٹر حکومت نے ہٹ اینڈ رن کیس میں سلمان خان کی رہائی کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
تیرہ سال پرانے ہٹ اینڈ رن کیس سے بجرنگی بھائی جان کی جان ابھی پوری طرح چھٹی نہیں، رہائی پا کر بھی مشکلات کم نہ ہوئیں، مہاراشٹر حکومت نے ہائی کورٹ کے فیصلے کوسپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
ممبئی ہائی کورٹ نے دس دسمبر کو ’ہٹ اینڈ رن‘ کیس میں بالی ووڈ کے رابن ہڈ کو تمام الزامات سے بری کر دیا تھا، ماتحت عدالت نے دبنگ خان کو اسی کیس میں غیر ارادی قتل کے جرم میں پانچ برس قید کی سزا سنائی تھی۔
سلمان پر الزام تھا کہ انھوں نے 28 ستمبر 2002 کی رات نشے میں اپنی گاڑی ممبئی کے علاقے باندرہ میں فٹ پاتھ پر سوئے ہوئے لوگوں پر چڑھا دی تھی۔اس واقعے میں ایک شخص ہلاک اور چار زخمی ہوئے تھے۔
عدالت کا کہنا تھا کہ اس مقدمے کی سماعت کے دوران جس طرح کے ثبوت پیش کیےگئے ان کی بنیاد پر سلمان خان کو قصوروار نہیں ٹھہرایا جا سکتا۔