28 مئی ، 2012
فیصل آباد … فیصل آباد میں عدالتی بیلف نے پولیس کے نجی ٹارچر سیل پر چھاپہ مار کر زنجیروں میں جکڑے 4 افراد کو بازیاب کرالیا۔ بازیاب ہونے والے نوجوان علی رضا کے والد محمد یعقوب نے ایڈیشنل سیشن جج قیصر بٹ کی عدالت میں درخواست دی تھی کہ سمن آباد پولیس نے اس کے بیٹے کو 15 روز سے حبس بیجا میں رکھا ہوا ہے، جس پر عدالت کے حکم پر بیلف نے سمن آباد تھانے کے ایک گھر میں بنائے گئے نجی ٹارچر سیل پر چھاپہ مار کر زنجیروں میں جکڑے 4 نوجوانوں علی رضا، شکیل، زاہد اور شاہد کو بازیاب کرالیا۔ نوجوانوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جارہا تھا، ٹارچر سیل سے شراب کی بوتلیں بھی برآمد ہوئی ہیں۔ بازیاب نوجوانوں کو عدالت میں پیش کیا گیا، ایڈیشنل سیشن جج نے ایس ایچ او سمن آباد سمیت تمام اہل کاروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا ہے۔ ایس ایس پی آپریشن صادق ڈوگر کا کہنا ہے کہ پکڑے گئے چاروں نوجوان ڈاکو تھے جن سے پولیس نے 2 موٹرسائیکل برآمد کی ہیں اور مزید تحقیقات جاری تھیں۔