26 دسمبر ، 2015
لاہور.....وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ اسٹیٹس کو سے ملک نہیں چل سکتا۔ آج عالمی ادارے پاکستان کی معیشت میں بہتری کے معترف ہیں۔ ٹیکس نادہندگان کو نیٹ میں لانا ہے اوران کا خوف بھی دور کرنا ہے۔
لاہور میں پاس آؤٹ ہونے والے انکم ٹیکس افسران سے خطاب میں وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ دنیا کے 22 مالیاتی اداروں نے پاکستان کو مستحکم ملک تسلیم کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 10 ہزار میگاواٹ بجلی کے منصوبے مارچ 2018 میں مکمل ہوجائیں گے۔14 ہزار میگاواٹ بجلی کے میڈیم ٹرم توانائی منصوبے زیر عمل ہیں۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں حالات بدل چکے ہیں ۔ بچ رہنے والے شدت پسندوں کے خلاف آپریشن کامیابی سے جاری ہے۔ ملک میں قیام امن اور شدت پسندی کے خاتمے کیلئے پاک فوج نے بڑی قربانیاں دیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کیلئے استعمال ہونے والی غیر ملکی فنڈنگ پر قابو پالیا گیا ہے۔ مختلف سرویز کے مطابق کراچی میں امن و امان کے حوالے سے 80 فیصد بہتری آئی ہے۔