29 دسمبر ، 2015
مردان ........مردان شہر کے گنجان آباد علاقے میں نادراآفس کےگیٹ پر خودکش دھما کے میں21فراد جاں بحق اور40سے زائد زخمی ہوگئے۔جاں بحق ہونے والوں میں ایک بچہ بھی شامل ہے۔
ڈی پی او مردان فیصل شہزاد نے دھماکے کوخودکش قراردیتے ہوئے بتایاکہ حملہ آورموٹرسائیکل پر سوارتھا جس نے اپنی موٹرسائیکل مرکزی گیٹ سے ٹکرادی۔
نادرا آفس مردان کے مصروف ترین علاقے میں واقع ہے، جہاں شہریوں کا رش رہتا ہے اور دھماکے کے وقت بڑی تعداد میں لوگ وہاں موجود تھے۔ لاشوں اور زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جہاں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
مردان کا نادراآفس شہر کے گنجان آبادعلاقے میں واقع ہے جہاں صبح سے ہی شہریوں کی بڑی تعدادشناختی کارڈاوردیگر سرکاری دستاویزات کے حصول کے لئے پہنچ جاتی ہے، گنجان آبادعلاقہ ہونے کی وجہ سے جانی نقصان میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
شدید زخمیوں کو پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹرحارث کا کہنا ہے کہ دھماکے میں زخمی 10افرادکی حالت نازک ہے۔
وزیراعظم نواز شریف نے مردان دھماکے کی مذمت کی ہے جبکہ وزیر داخلہ چوہدری نثار نے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔
پولیس اورسیکورٹی فورسز نے دھماکے کے بعد فوری بعد علاقے کا محاصرا کرلیا ورمشتبہ افراداورمشکوک گاڑیوں کی تلاشی شروع کردی گئی ہے۔