29 مئی ، 2012
راولپنڈی… پاک فوج نے سیاچن محاذ کے گیاری سیکٹر میں برفانی تودے تلے دبے فوجیوں کا سرکاری طور پر شہید قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ تمام فوجیوں کو نکالنے تک آپریشن جاری رہے گا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق گیاری میں برفانی تودہ گرنے کا واقعہ 52 روز قبل پیش آیا تھا ، اس میں 139 فوجی اور اہلکار دب گئے تھے ، فوج نے بلاتاخیر ریسکیو اور سرچ آپریشن شروع کیا ، اس دوران سخت موسمی حالات کا بھی سامنا رہا لیکن انتھک کوششوں کا سسلسلہ دن رات جاری رکھا گیا، دو روز قبل وہاں سے پہلے شہید فوجی کا جسد خاکی ملا، اس کے بعد مزید دو فوجیوں کی میتیں بھی نکالی گئیں، اس واقعہ کے سماجی اور معاشی اثرات کا جائزہ لیتے ہوئے تمام مکاتب فکر کے مذہبی علماء سے مشاورت کی گئی ، اس کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ ورثاء کے مسائل اور مشکلات کو کم کرنے اور قانونی دستاویز تقاضے پورا کرنے کیلئے ، باقی ماندہ فوجیوں کو شہید قرار دے دیا جائے، آئی ایس پی آر نے کہاکہ اس مرحلے کا اعلان فخراور دکھ کے ملے جلے جذبات سے کیا جارہا ہے جبکہ تمام شہداء کے جسدخاکی ، تلاش کئے جانے تک آپریشن جاری رہے گا۔