03 جنوری ، 2016
کراچی.....کراچی کے علاقے گزری میں دو روز قبل ہونےوالے مبینہ پولیس مقابلے کی انکوائری رپورٹ میں پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ ہلاک ہونے والا زکریا جنجوعہ اور اس کا گرفتار ساتھی ڈکیتی میں ملوث تھے۔
گزری میں دو روز قبل مبینہ پولیس مقابلے کی انکوائری رپورٹ تیار کرلی گئی ہے۔ مقابلے میں ایک نوجوان زکریا جنجوعہ ہلاک جبکہ ایک نوجوان غلام آزاد زخمی حالت میں گرفتار ہوا تھا۔پولیس رپورٹ کے مطابق دونوں افراد ڈکیتی میں ملوث تھے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ڈیفنس خیابان جامی میں گشت پر موجود پولیس پارٹی نے دو مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا ، جس پر ملزمان نے فائرنگ کردی ، پولیس کی جوابی فائرنگ میں دونوں ملزمان زکریا جنجوعہ اور غلام آزاد زخمی ہوگئے۔ بعد میں زخمی ملزم زکریا ہلاک ہوگیا ۔ ملزم غلام آزاد کے قبضے سے نائن ایم ایم پستول ، 4گولیاں برآمد کی گئیں جبکہ زکریا جنجوعہ کے قبضے سے ایک پستول ، 3گولیاں ، 4موبائل فون اور 200روپے ملے۔مدعی مقدمہ احسن اسلم نے ملزمان اور اپنے سامان کی شناخت کرلی ۔
دوسری جانب زکریا کے اہل خانہ کا موقف ہے کہ زکریا طالب علم تھا اور پڑھنے کے لئے ملائیشیاگیا ہوا تھا جہاں سے وہ شادی کے لئے ایک ماہ کی چھٹی پر آیا تھا۔