07 جنوری ، 2016
اسلام آباد...... فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے ٹیکس محصولات 19 فیصد اضافے کے ساتھ 1400 ارب تک پہنچ گئے۔
ایف بی آر کے ترجمان ڈاکٹر شاہد محمد اقبال کے مطابق 5 جنوری 2016ءتک ایف بی آر کے ٹیکس محصولات 1400 ارب روپے ریکارڈ کئے گئے جو گزشتہ سال کے اسی عرصہ میں 1115 ارب روپے تھے۔ اس طرح رواں مالی سال کے دوران اب تک ٹیکس محصولات میں 19 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایف بی آر نے ٹیکس وصولیوں میں بہتر کارکردگی دکھائی ہے۔ رواں مالی سال کی دوسری سہ ماہی اکتوبر تا دسمبر 2015ءکے دوران مجموعی طور پر 785 ارب روپے کی وصولیاں کی گئیں جبکہ اس عرصہ کے لئے 750 ارب روپے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا۔
ڈاکٹر محمد اقبال نے کہا کہ رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران مجموعی وصولیاں 1385 ارب روپے رہیں جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں 19 فیصد زیادہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کی انتظامی اصلاحات سے ٹیکس اسٹرکچر اور ریونیو وصولی میں بتدریج بہتری آ رہی ہے۔ ٹیکس کی ادائیگی اور انتظام سے متعلق معاملات میں بہتری کے لئے اصلاحات جاری رکھی جائیں گی۔