08 جنوری ، 2016
پیرس........دنیا بھر میں ایسے منچلوں کی کوئی کمی نہیں جو خطرناک اسٹنٹس دکھانے کیلئے اپنی جان جوکھم میں ڈالنے سے بھی گریز نہیں کرتے ، ایسے میں کبھی کبھی نتائج توقعات کے برعکس بھی ہوتے ہیں جو یقیناًجان لیوا ثابت ہوتے ہیں۔
فرانس سے تعلق رکھنے والے32سالہ ٹینکریڈ میلٹ کا شمار بھی ایسے ہی چند جانبازوں میں کیا جاتا تھا جو گزشتہ روز خطرناک اسٹنٹ پرفارم کرتے ہوئے جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔ ٹینکریڈ میلٹ کی اکثر و بیشتر ٹائٹ روپ واکنگ کی خطرناک ویڈیوز منظر عام پر آتی رہتی تھیں جنہیں بےحد پسند کیا جاتا تھا۔
حال ہی میں ٹینکریڈ نے ایک اور اسٹنٹ کی تیاری کے دوران ہزاروں فٹ بلندی پر ہوا میں کھڑے گرم غباروں کے درمیان تنی رسی پر چلنے کا مظاہرہ پیش کیا، اس دوران وہ اپنا توازن کھو بیٹھا اور گِر گیا۔ ہاتھوں میں چھتری تھامے اسٹنٹ مین تیزی سے زمین کی طرف گِرنے لگا اور جان سے ہاتھ دھوبیٹھا۔