08 جنوری ، 2016
واشنگٹن .........امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ بھارت کی طرف سے اطلاعات کی فراہمی کے بعد پٹھان کوٹ واقعہ کی تحقیقات کےلئے مدت کا تعین پاکستان کے دائرہ اختیار میں ہے۔
پاکستان نے خود دہشت گردی کی اس کارروائی کی مذمت کی ہے اور یہ بات واضح طور پر کہی ہے کہ وہ اس ضمن میں تحقیقات میں پرعزم ہے ۔امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان جان کربی نے یہاں واشنگٹن میں معمول کی پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ امریکا اس ضمن میں نظام اولاقات کا تعین نہیں کرسکتا، اس کا انحصار حکومت پاکستان پر ہے ۔
، ”ہم کسی اورکی جانب سے کی جانے والی تحقیقات کےلئے کوئی نظام الاوقات نہیں دے سکتے ، یقینی طور پر تمام تحقیقات میں یہ خواہش ہوتی ہے کہ یہ جامع اورمکمل ہو“۔ ہماری خواہش ہوگی کہ اس معاملے کی جامع اورمکمل تحقیقات کی جائیں۔ ترجمان نے بتایا کہ پاکستان ایسا ملک ہے جو دہشت گردی کے خطرے سے بخوبی آگاہ ہے ۔
ایک سوال پر ترجمان نے کہا کہ امریکا دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے کےلئے خطے میں دو طرفہ اورکثیرالجہتی کوششوں کی حوصلہ افزائی کرتا ہے، جہاں تک ممبئی حملوں کا معاملہ ہے امریکا اس کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا متمنی ہے تاہم اس میں زیادہ عرصہ لگ سکتا ہے ۔
ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ بھارت کی طرف سے پاکستان کو فراہم کردہ معلومات کے بارے میں ان کے پاس کوئی اطلاعات نہیں ہیں تاہم ان کا کہنا تھا کہ اگر دونوں ممالک کے درمیان معلومات کا تبادلہ ہوا ہے تو اس سے بہتر نتائج برآمد ہونگے ۔