09 جنوری ، 2016
گوجرانوالہ......گورنر پنجاب رفیق رجوانہ کا کہنا ہے کہ سانحہ پشاور نے قوم کو متحد کردیا ہے ۔ ضرب عضب اور کراچی آپریشن کامیابی سے جاری ہے ،ملک میں امن و امان کی فضا قائم ہونے سے غیر ملکی سرمایا کار آرہے ہیں ۔
گوجرانوالہ کی نجی یونی ورسٹی میں کانوکیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب رفیق رجوانہ کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا ، سانحہ پشاور کے شہدا نے پاکستانی قوم کو دہشت گردی کے خلاف متحد کردیا۔
رفیق رجوانہ نے مزید کہا کہ ضرب عضب اور کراچی آپریشن کامیابی سے جاری ہے، حکومت اینرجی بحران سمیت تمام مسائل سے نبرد آزما ہے، غیر ملکی سرمایا کار پاکستان آرہے ہیں ،یہ اچھی بات ہے، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر نے کہا کہ پہلوانوں کے شہر نے اردو ادب کے بڑے نام بھی پیدا کیے ہیں ان ناموں میں مولانا ظفر علی خان اور میر خلیل الرحمان قابل ذکر ہیں ۔