Geo News
Geo News

کھیل
16 جنوری ، 2016

دوسرا ون ڈے: روہت شرماکی سنچری پھرضائع، فتح آسٹریلیا کے نام

دوسرا ون ڈے: روہت شرماکی سنچری پھرضائع، فتح آسٹریلیا کے نام

برسبین........آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان جاری 5میچوں کی ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں جارج بیلی،ایرن فنچ اور اسٹیون اسمتھ کی شاندار بیٹنگ کی بدولت آسٹریلیا نے بھارتی اوپنر روہت شرما کی ایک اور سنچری مٹی میں ملادی ہے۔

کینگروز نے دوسرا ون ڈے انٹرنیشنل بھی 7وکٹوں سے جیت لیا۔ بھارت کی کمزور بولنگ ایک بار پھر بڑے مجموعے کا دفاع نہ کرسکی۔ جمعہ کو برسبین میں بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، روہت شرما نے ایک مرتبہ پھر کینگروز بولرز کی دل کھول کر ٹھکائی کی اور مسلسل دوسری سنچری مکمل کی، شرما 124 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے، اجنکیا راہانے 89اور ویرات کوہلی 59رنز کے ساتھ نمایاں بیٹسمین رہے۔

بھارت نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 308 رنز بنائے۔ جیمز فالکنر نے 2جبکہ پیرس، ہیسٹنگز اور بولانڈ نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ 309 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے اوپنر ایرن فنچ اور شان مارش نے ٹیم کو 145 رنز کا جاندار آغاز فراہم کیا، رویندرا جدیجا نے 71 رنز پر فنچ کو آؤٹ کر کے پارٹنر شپ کا خاتمہ کیا۔

166 کے اسکور پر شان مارش بھی پویلین لوٹ گئے۔ انہیں 71 رنز پر اشانت شرما نے فارغ کیا۔ البتہ جارج بیلی اور اسمتھ نے ٹوٹل244 تک پہنچایا، اسمتھ 46رنز بنا کر یادیو کی گیند پر بولڈ ہوئے۔لیکن بیلی نے میکسویل کے ساتھ ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔ بیلی 76اور میکسویل 26 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ ایشانت شرما، یادیو اور جدیجا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

مزید خبریں :