31 مئی ، 2012
حیدر آباد … ایم کیو ایم کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد پنجاب اور پختونخوا میں نئے صوبے بنانے کے مطالبات سے ظاہر ہوتا ہے کہ صوبوں کو ابھی تک خود مختاری نہیں ملی۔ وہ حیدرآباد میں انفارمیشن ٹیکنالوجی سیمینار میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفت گو کررہے تھے۔ فاروق ستار کا کہنا تھا کہ قوم پرست مکالمے اور رابطوں کے ذریعے سندھ کی تقسیم کا تاثر ختم کرنے کی کوشش کریں، ایم کیوایم کی پالیسی کے متعلق کسی کو کوئی غلط فہی ہے تو اس کیلئے الطاف حسین کے دروازے کھلے ہیں، ایم کیو ایم سندھی اور اردو بولنے والے سندھیوں کے درمیان نفرتیں پیدا کرنے کی سازشوں کی مذمت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کو صوبائی خود مختاری اْس وقت ملے گی جب وسائل سندھیوں اور اردو بولنے والے سندھیوں پر خرچ ہوں گے۔ فاروق ستار کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا ، پنجاب یا کسی بھی صوبے کے عوام کے احساس محرومی کا نوٹس لینا حکومت کی ذمہ داری ہے۔