پاکستان
31 مئی ، 2012

انتخابات سے پہلے پنجاب میں نیا صوبہ بن جائے گا، وزیراعظم گیلانی

انتخابات سے پہلے پنجاب میں نیا صوبہ بن جائے گا، وزیراعظم گیلانی

اسلام آباد … وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ کراچی ہمارے لئے بہت اہم شہر اور اقتصادی مرکز ہے وہاں حالات کی خرابی کے متحمل نہیں ہوسکتے، ہماری بہت سی ناکامیاں ہوں گی مگر کامیابیاں بھی بہت سی ہیں، بجٹ اور انتخابات کا آپس میں کوئی تعلق نہیں، الیکشن اپنے وقت پر ہوں گے، انتخابات سے پہلے پنجاب میں نیا صوبہ بن جائے گا، پارلیمنٹ سپریم کورٹ سے بھی زیادہ سپریم ہے، یہاں ایسے بھی وزیراعظم آئے جن کے پاس دوہری شہریت تھی۔ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کو مختلف انتظامی یونٹس میں تقسیم کرنا چاہئے، ملکی معیشت کی بنیاد کراچی پر ہے، کراچی ہمارے لئے بہت اہم شہر اور اقتصادی مرکز ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کراچی میں حالات کی خرابی کے متحمل نہیں ہوسکتے، امن کیلئے سندھ حکومت کو انٹیلی جنس فراہم کررہے ہیں۔ وزیراعظم گیلانی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں امن کیلئے صوبائی حکومت سے ہرممکن تعاون کررہے ہیں، ہماری بہت سی ناکامیاں ہوں گی مگر کامیابیاں بھی بہت سی ہیں، الیکشن سے پہلے پنجاب میں نیا صوبہ بن جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ بجٹ اور انتخابات کا آپس میں کوئی تعلق نہیں، الیکشن اپنے وقت پر ہوں گے، دفاعی بجٹ قومی ضروریات کے تحت ہونا چاہئے، مسائل کی وجہ سے دفاعی بجٹ کے تقاضے پورے نہیں کر پارہے۔ ایک صحافی کی جانب سے بجٹ کے بعد مستعفی ہونے کے سوال پر وزیراعظم گیلانی نے کہا کہ مجھے استعفیٰ کیوں دینا چاہئے،اسپیکر کے فیصلے کے بعد معاملہ ختم ہوگیا، پارلیمنٹ سپریم کورٹ سے بھی زیادہ سپریم ہے، جیسے عدالتوں کا احترام ہے ویسے ہی پارلیمنٹ کا بھی احترام ہے، عدالت نے آئین کے مطابق معاملہ اسپیکر کو بھیجا، اسپیکر نے آئین کے مطابق فیصلہ کردیا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو مشورہ دونگا کہ لڑائیوں کو عدالت میں نہ لے جائیں، عدلیہ آزاد ہے، اس کی خودمختاری، غیر جانبداری کا اندازہ فیصلوں سے ہوتا ہے۔ دوہری شہریت سے متعلق ان کا کہنا ہے کہ یہاں ایسے وزیر اعظم بھی آئے جن کے پاس دوہری شہریت تھی، درآمد کیے گئے لوگ بھی وزیراعظم بنے، کیا عدلیہ کو آج پتا چلا کہ دہری شہریت کا معاملہ آئین میں ہے۔

مزید خبریں :