02 جون ، 2012
پشاور … آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن نے کراچی میں مرکزی چیئرمین سمیت دیگر عہدیداروں کی عدم رہائی کی صورت میں خیبر سے کراچی تک احتجاجی تحریک کی کال دینے کی دھمکی دی ہے۔ آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا کے صدر پرویز خان خٹک نے جیو نیوز سے گفتگو میں کہا کہ کراچی میں سی این جی کی موجودہ قیمتوں کے خلاف احتجاج کرنے والوں کی گرفتاری قابل مذمت ہے۔ انہوں نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ سی این جی ایسوسی ایشن کے مرکزی چیئرمین غیاث عبداللہ پراچہ سمیت تمام اسیر رہنماوٴں کو فوری رہا کیا جائے، بصورت دیگر خیبر تا کراچی احتجاجی تحریک کی کال دینے پر مجبور ہوں گے۔ واضح رہے کہ کراچی میں سی این جی ایسوسی ایشن کی جانب سے قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاج کیا گیا جس کے دوران پولیس نے سی این جی ایسو سی ایشن کے رہنماوٴں سمیت متعدد افراد کو حراست میں لے لیا جبکہ مظاہرین پر لاٹھی چارج بھی کیا گیاتھا۔