04 جون ، 2012
ماسکو … روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے شنگھائی تعاون تنظیم میں توسیع کا امکان ظاہر کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان اوربھارت عنقریب تنظیم کے بااختیار رکن بن جائیں گے، افغانستان سے نیٹو افواج کا انخلاء مکمل ہونے کے بعد اس خطے کے ممالک کو سنگین مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ۔ یہ بات انہوں نے چینی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔انہوں نے کہا کہ خطے کی سلامتی کو یقینی بنانے کیلئے تمام ممالک کو مشترکہ اقدامات کرنے کی ضرورت ہے اوراس مقصد کے لئے شنگھائی تعاون تنظیم میں توسیع اشد ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک 6 اور 7 جون کو بیجنگ میں منعقد ہونے والے سربراہ اجلاس میں خطے میں امن و امان کے قیام اور مشترکہ ترقی سے وابستہ قرارداد پر دستخط کریں گے، امکانی طور پر 2013 سے 2015 تک کے لئے انسداد دہشت گردی و منشیات اور علیحدہ پسندی کے خلاف جنگ سے متعلق مشترکہ حکمت عملی بھی مرتب کی جائے گی۔ایک سوال پرانہوں نے کہاکہ خدشہ ہے کہ افغانستان سے نیٹو افواج کا انخلاء مکمل ہونے کے بعد اس خطے کے ممالک کو سنگین مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اس لئے شنگھائی تعاون تنظیم کو خطے کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لئے مزید اقدامات مرتب کرنے کی ضرورت ہے ۔ شنگھائی تعاون تنظیم میں شامل ممالک کئی برسوں سے افغانستان کو معاشی اور انسان دوست امداد دیتے چلے آ رہے ہیں۔ انسداد دہشت گردی و منشیات کے لئے اس تنظیم کے رکن ممالک کے مشترکہ اقدامات مسئلہ افغانستان کے حل کے لئے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔