29 جنوری ، 2012
عدیس ابابا… ایران کے وزیر خارجہ علی اکبر صالحی نے کہا ہے کہ ایران کے ایٹمی پروگرام کا معاملہ درست سمت میں جارہا ہے۔ ایرانی خبر رساں ایجنسی کے مطابق افریقی یونین کے سربراہی اجلاس میں شرکت کی غرض سے عدیس ابابا پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایرانی وزیرخارجہ نے کہا کہ ایران نے ہمیشہ جوہری توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی کے ساتھ تعاون کیا ہے، ہم نے ہمیشہ شفافیت کو اس ایجنسی کے ساتھ تعاون کیلئے ایک اصول قرار دیا ہے۔ ایک سوال پر علی اکبر صالحی نے کہا کہ ایران نے گروپ پانچ جمع ایک کے ساتھ مذاکرات کیلئے اپنی آمادگی کا اعلان کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک خط میں یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کمیشن کی سربراہ کیتھرین ایشٹن کو ان مذاکرات کی جگہ اور وقت سے آگاہ کردیں گے۔