22 فروری ، 2016
لاہور.......بھارت میں جاٹ برادری کے ہنگاموں کے باعث پاک بھارت روڈ اور ریل رابطے منقطع ہو گئے، دوستی بس اور سمجھوتہ ایکسپریس معطل ہونے سےمسافر پھنس کر رہ گئے۔دونوں حکومتوں نے سفری رابطے بحال ہونے تک مسافروں کے ویزوں میں توسیع کر دی۔
بھارت کے درمیان پہلے ہوئی دوستی بس سروس بند اور پھر سمجھوتہ ایکسپریس بھی، دونوں ممالک کے ریلوے اسٹیشنوں پر مسافر رل گئے،کہتے ہیں اب تو پیسے بھی نہیں رہے،جائیں تو جائیں کہاں ؟
بھارت گئے ہوئے کئی پاکستانی اور پاکستان آئے ہوئے کئی بھارتی پھنس کر رہ گئے،کئی مسافروں کے ویزوں کا بھی آج آخری روز ہے،لاہور ریلوے اسٹیشن پر پہنچنے والے مسافر پریشانی اور ذہنی اذیت سے دوچار ہیں۔
مسافروں کی ویزوں کی پریشانی پر دونوں حکومتوں کو ایک خیال ضرور آ گیا،جن کے ویزوں کی میعاد ختم ہونے کو،ان کے ویزوں میں توسیع کر دی گئی۔
پریشان حال مسافرکہتے ہیں کہ دوستی بس کا ہارن اور سمجھوتہ ایکسپریس کی سیٹی جانے کب بجے، کب اپنے اپنے گھروں کو روانہ ہوں اور دلوں کو قرار آئے؟
دوستی بس کے بعد سمجھوتہ ایکسپریس بھی بند ہو گئی ہے، پاکستان اور بھارت کے درمیان ریل اور روڈ رابطوں کی بحالی، بھارت میں ہونے والے ہنگاموں کے ٹھندا پڑنے کے بعد ہی ہو سکے گی۔