25 فروری ، 2016
کراچی ......جامعہ کراچی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد قیصر اور ضیاالدین یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر پیرزادہ قاسم رضا نے کہا ہے کہ عظیم مورخ تاریخ کو مسخ نہیں کرتااور غیر جانبدار ہوتاہے،یہ وصف ڈاکٹر ریاض الاسلام میں بدرجہ اتم موجود تھی،ان کی خدمات کے اعتراف میں ڈاکٹر ریاض الاسلام آڈیوویژول سینٹر کا قیام لائق تحسین ہے۔
جامعہ کراچی کے شعبہ تاریخ میں ڈاکٹر ریاض الاسلام آڈیو ویژول سینٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں ڈاکٹر قیصر نے کہا کہ اسکالرز کو خراج تحسین پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہی ہے کہ ان کی تحقیق اور افکار کو فروغ دیا جائے، ڈاکٹر ریاض الاسلام انتہائی اعلیٰ درجے کے محقق اور شفیق اُستاد تھے۔
شیخ الجامعہ نے سینٹرل ایشیاء اینڈویسٹرن ایشین اسٹڈیز جامعہ کراچی کی سالانہ گرانٹ کو 40 ہزار سے بڑھاکر 2لاکھ روپے کرنے کا بھی اعلان کیا۔
ڈاکٹر پیر زادہ قاسم رضا نے کہا کہ جامعات کا معاشرے کی ترقی میں کلیدی کردارتصورکیاجاتا ہے اور اساتذہ کی اہم ذمہ داری ہے کہ وہ طلبہ میں دانشورانہ اور تحقیقی رجحانات کو فروغ دیں، ریاض الاسلام یونیورسٹی کا ایسا ہی درخشاں ستارہ ہے، جس پرمادرعلمی ہمیشہ فخر کرتی رہے گی۔
رئیس کلیہ سماجی علوم ڈاکٹر مونس احمر نے شعبہ تاریخ کو سینٹر کے افتتاح پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر ریاض الاسلام ایک انتہائی اعلیٰ پائے کے محقق تھے،وہ کسی اعلیٰ عہدے پر فائز ہونے کے بجائے تدریس وتحقیق کو ترجیح دیتے تھے اور ہمہ وقت تحقیق میں مصروف رہتے تھے ۔
پاکستان اسٹڈی سینٹر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر جعفر احمد نے کہا کہ پاکستان نے3 عظیم مورخ پیداکئے جن میں پروفیسر اشتیاق حسین قریشی، ڈاکٹر محمود حسین اور ڈاکٹر ریاض الاسلام شامل ہیں اور یہ سب ہی جامعہ کراچی کا افتخار ہیں ۔