29 جنوری ، 2012
دبئی… انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹیسٹ کرکٹ کی نئی عالمی درجہ بندی جاری کر دی،سعید اجمل ایک درجہ ترقی کے بعد دوسرے نمبر پر آ گئے۔ ٹیموں میں انگلش ٹیم بدستور سرفہرست ہے، آسٹریلیا کے ہاتھوں وائٹ واش کے بعد بھارت اور آسٹریلیا کے ریٹنگ پوائنٹس برابر ہیں، ، بیٹنگ میں کمار سنگاکارا، باؤلنگ میں جنوبی افریقہ کے ڈیل سٹین اور آل راؤنڈرز میں بنگلہ دیش کے شکیب الحسن بدستور سرفہرست ہیں۔ آئی سی سی کے اعلامیے کے مطابق ٹیسٹ کرکٹ کی نئی عالمی درجہ بندی جاری کر دی گئی ہے۔ بیٹنگ کے شعبے میں سری لنکا کے کمار سنگاکارا پہلے، جنوبی افریقہ کے جیک کیلس دوسرے، آسٹریلیا کے مائیکل کلارک تیسرے، جنوبی افریقہ کے ابراہم ڈی ویلیئرز چوتھے، انگلینڈ کے الیسٹر کک پانچویں، جوناتھن ٹراٹ چھٹے، سری لنکا کے تھیلان سمارا ویرا ساتویں، پاکستانی کپتان مصباح الحق پہلی مرتبہ ٹاپ ٹین میں شامل ہو کر آٹھویں نمبر پر جبکہ ویسٹ انڈیز کے شیو نرائن چندرپال نویں اور یونس خان دسویں نمبر پر آ گئے۔ باؤلنگ کے شعبے میں جنوبی افریقہ کے ڈیل سٹین بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہیں جبکہ سعید اجمل ایک درجہ ترقی کے بعد دوسرے، انگلینڈ کے جیمز اینڈرسن تیسرے، آسٹریلیا کے پیٹر سڈل چوتھے، انگلینڈ کے سٹیورٹ براڈ پانچویں، انگلینڈ کے گریم سوان چار درجے تنزلی کے بعد چھٹے، آسٹریلیا کے بین ہلفنہاس ساتویں، جنوبی افریقہ کے مورن مورکل آٹھویں، عبدالرحمن ابوظہبی میں شاندار باؤلنگ کے باعث پہلی مرتبہ ٹاپ ٹین میں شامل ہو کر نویں اور بھارت کے ظہیر خان دسویں نمبر پر موجود ہیں۔ ٹیموں میں انگلینڈ 125 پوائنٹس کے ساتھ پہلے، جنوبی افریقہ 117 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، بھارت 111 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے، آسٹریلیا بھارت کو وائٹ واش کرنے کے بعد 8 درجے ترقی کر کے 111 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر آ گیا۔ بھارتی ٹیم 13 ماہ کے دوران مسلسل شکستوں کے بعد 9 پوائنٹس کمی کے بعد 111 پوائنٹس پر پہنچ گئی ہے۔ بھارت کی تیسری پوزیشن کو خطرات لاحق ہو گئے۔ پاکستان 99 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں، سری لنکا 98 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے، ویسٹ انڈیز 88 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں، نیوزی لینڈ 83 پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں اور بنگلہ دیش 8 پوائنٹس کے ساتھ نویں نمبر پر موجود ہے۔