06 جون ، 2012
اسلام آباد…سینیٹ میں بجٹ پر بحث کے دوران اے این پی کے سینیٹر حاجی عدیل نے کہا کہ جو کل تک لوگوں کو عدالت میں بلاتے تھے ، آج انہیں اپنے بیٹے کو بھی بلانا پڑ گیا، حضرت عمرفاروق نے تو اپنے بیٹے کو کوڑے مارے تھے ، نہ جانے یہ لوگ کیا کرتے ہیں سینیٹ کا اجلاس قائم مقام چیئر مین صابر بلوچ کی زیر صدارت ہوا۔ سینیٹر حاجی عدیل نے بجٹ بحث کے دوران کہا کہ دفاعی بجٹ میں 10 فیصد کمی کر کے ادویات پر ٹیکس زیرو کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاق سمیت چاروں صوبوں میں کرپشن عروج پر ہے ، مناسب ہو تا کہ چیف جسٹس اپنے بیٹے کے خلاف کرپشن کے معاملے کی سماعت کرنے والے بینچ میں بیٹھنے سے انکار کر دیتے۔مسلم لیگ ن کے چئیرمین سینیٹر راجہ ظفر الحق نے شکوہ کیا کہ اپوزیشن کو بجٹ پر بات کرنے کا وقت نہیں دیا جا رہا۔ اس کے بعد مسلم لیگ ن کے اراکین سینیٹ سے احتجاجاً واک آوٴٹ کر گئے۔ اجلاس میں کسی بھی وزیرکی عدم موجودگی پر سینیٹرز نے شدید احتجاج کیا۔سینیٹر جہانگیر بدر نے کہا کہ وہ ضمانت دیتے ہیں ، کل تمام لوگ ایوان میں موجود ہوں گے۔سینیٹ کا اجلاس اب جمعرات کی صبح دس بجے ہو گا۔