07 جون ، 2012
استنبول…امریکی وز یر خارجہ ہیلری کلنٹن نے کہا ہے کہ صرف حکومت کی مکمل تبدیلی سے ہی شام کے بحران کا حل ممکن ہے ۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق ترکی کے دارلحکومت استنبول میں شام کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شام میں قیام امن اور بحران کا حل صدر بشارالاسد کی حکومت کی مکمل تبدیلی اور اختیارات کی عبوری حکومت کو منتقلی پر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عبوری حکومت صاف اور شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائے۔ امریکی وزیر خارجہ نے شام میں تمام فریقین سے جنگ بندی پر عمل درآمد کی اپیل کی ۔ اجلاس میں شامل فرانس اور برطانیہ کے وزارے خارجہ نے شام کے بارے میں عالمی کانفرنس میں 5روسی تجاویز کو رد کردیا ۔ دوسری جانب روس کے وزیر خارجہ نے تجویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ عالمی کانفرنس میں ایران کو بھی شامل کیا جائے۔ اجلاس میں خطے کے 16ممالک سمیت یورپی ممالک کے اعلیٰ اہلکار شرکت کر رہے ہیں۔