29 جنوری ، 2012
کراچی … سنی تحریک نے شہداء کے قاتلوں کی جلد گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے، ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ سنی تحریک کے شہداء کے قاتلوں کو گرفتار نہ کیا گیا تو گورنر ہاوٴس کا گھیراوٴ کریں گے، مغوی کارکنوں کوجلد بازیاب کرایا جائے۔ سربراہ سنی تحریک ثروت اعجاز قادری نے جاں نثاران مصطفی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہمارے دو کارکنوں کو قتل کیا گیا حکومت ہمارے شہداء کے قاتلوں کو جلد گرفتار کرے، کانفرنس کے اختتام تک قاتلوں کو گرفتار نہ کیا گیا تو کوئی بھی قدم اٹھا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کے قاتلوں کو گرفتار نہ کیا گیا تو گورنر ہاوٴس کا گھیراوٴ کریں گے جس کی قیادت میں خود کروں گا۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ آج ملک میں مہنگائی، بیروزگاری اور ظالموں کا سونامی ہے، روشن خیالی اور موسیقی کے سونامی آئے اور چلے گئے، ہم آج غلامان مصطفی کا سونامی لے کر آئے ہیں۔ ثروت اعجاز قادری کا کہنا تھا کہ بہت ہوچکا، اب وہی ہو گا جو جانثاران مصطفی چاہیں گے، موروثی اور جاگیردارانہ نظام کے خلاف تھے اور ہیں۔