25 مئی ، 2016
وزارت داخلہ نے تمام پاکستانیوں کے شناختی کارڈ کی دوبارہ تصدیق کا فیصلہ کرلیا ہے۔ وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ غیرقانونی شناختی کارڈوں کی وجہ سے ہنگامی صورتحال کا سامنا ہے، امید ہے کہ قومی سلامتی کے ادارے تصدیق و منسوخی کے عمل میں تعاون کریں گے۔
یہ غیر معمولی فیصلے وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان کی زیرصدارت نادرا ہیڈ کوارٹرز میں منعقدہ اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کیے گئے۔ملا منصور سے منسوب ولی محمدکا شناختی کارڈ سامنے آنے کے بعد وفاقی وزیرداخلہ نے نادرا کو 48گھنٹے کے اندر تمام شہریوں کے شناختی کارڈز کی ازسر نوتصدیق کا روڈ میپ تیار کرنے کی ہدایت کردی۔
چوہدری نثار کہتے ہیں کہ یہ ایمرجنسی صورتحال ہے، برسوں کا کام اب دنوں میں کرنا ہے،ملک بھر میں تمام شہریوں کے شناختی کارڈز کی تصدیق کےلیے پلان تیار کیا جائے، قومی شناختی کارڈ کے حامل تمام 18کروڑ شہریوں کی ایک بار پھر تصدیق کی جائے گی، نادرا کو شناختی کارڈز کی تصدیق کا روڈ میپ تیار کرنے کےلیے 48 گھنٹے کی ڈیڈ لائن دے دی گئی ہے۔
چوہدری نثار نے تمام غیر ملکیوں کے زیر استعمال پاکستانی شناختی کارڈز فوری منسوخ کرنے کا حکمدیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ سیکیورٹی ایجنسیاں شناختی کارڈ کی تصدیق اور بلاک کرنے کے عمل میں نادرا کی معاونت کریں گی۔
وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ حالیہ واقعے سے یہ پیغام گیا ہے کہ پاکستان کا شناختی کارڈ ہر کوئی استعمال کرسکتا ہے، یہ پیغام پاکستان کے قومی، سیکیورٹی اور اسڑیٹجک مفاد میں ہرگز نہیں ہے، ہمیں دنیا کو پیغام دینا ہے کہ پاکستانی شناختی کارڈ کا حصول آسان نہیں، نادرا کو کرپٹ عناصر سے پاک کرنا ہوگا،نادرا اور کرپشن اکٹھے نہیں چل سکتے ۔
وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ مستقبل میں یقینی بنایا جائے کہ کوئی غیر ملکی پاکستان کا شناختی کارڈ یا پاسپورٹ استعمال نہ کرسکے،اس بات کو بھی یقینی بنایا جائے کہ شناختی کارڈ کی دوبارہ تصدیق کے عمل میں عام شہریوں کو مشکل کا سامنانہ کرنا پڑے۔