31 مئی ، 2016
وزیراعظم نوازشریف کی اوپن ہارٹ سرجری کی کامیابی اور جلد صحت یابی کے لیے عالمی رہنماؤں نے بھی اپنے پیغامات بھیجےہیں۔
وزیراعظم نواز شریف کےکامیاب آپریشن کے لیے عالمی رہنما بھی دعاگوہیں جنہوں نے جلد صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کے پیغامات بھیجے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم نواز شریف اور بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کی فون پر بات ہوئی، وزیراعظم نے اپنے آپریشن اور جلد صحت یابی کے لیے بھارتی وزیر اعظم کی نیک تمناؤں پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
ترک صدر رجب طیب اردوان نے بھی وزیراعظم نواز شریف کو ٹیلی فون کیا اور آپریشن کی کامیاب اور جلد صحت یابی کی دعا دی،وزیراعظم نے نیک تمناؤں کے اظہار پر ترک صدر کا شکریہ ادا کیا۔
روس، افغانستان، تاجکستان کے صدور اور برطانوی وزیر خارجہ نے بھی وزیراعظم نواز شریف کی جلد صحت یابی اور نیک تمناؤں کے پیغامات بھجوائے۔
سابق افغان صدر حامد کرزئی نے بھی وزیراعظم کے نام خط لکھا جس میں کہا کہ امید ہے آپ جلد اپنے ملک میں اپنے اہل خانہ کے ساتھ ہوں گے، انہوں نے کہا کہ یہ ان کے لیے اعزازہوگا کہ وہ پاکستان کا دورہ کرکے نوازشریف سے ملاقات کریں گے۔
بریڈفورڈ سے تعلق رکھنے والے شیڈومنسٹر بیرسٹر عمران حسین نے بھی وزیراعظم نوازشریف کی صحت یابی کے لیے خصوصی دعا کی۔