09 جون ، 2012
ریاض … مفتی اعظم سعودی عرب شیخ عبدالعزیز بن عبداللہ نے علماء و مفتیان سے کہا ہے کہ وہ ایسے فتوے اور متنازع مسائل نہ اٹھائیں جن سے نوجوانوں پر منفی اثرات مرتب ہوں۔ عرب ٹی وی کے مطابق مفتی اعظم سعودی عرب نے علماء ،مفتیان و مشائخ سے اپیل کی کہ وہ نوجوانوں پر رحم کریں اور انہیں ایسے متنازع و ناقبل فہم مسائل میں نہ الجھائیں، جس سے ان کے گمراہ ہونے کے امکانات بڑھ جائیں اور معاشرے میں فتنہ پھیلنے کا خطرہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے علماء اور نام نہاد ادارے ایسے مسائل پر فتوے جاری کرتے ہیں جو نوجوانوں کے عقل اور فہم سے بالاتر ہوتے ہیں اور انہیں ان کے اصل مقاصد سے دور کردیتے ہیں۔