10 جون ، 2012
کراچی …کراچی میں فائرنگ کے واقعات میں متحدہ قومی موومنٹ کے کارکن سمیت 3 افراد ہلاک ہوگئے،جبکہ پی آئی بی کالونی،نشتر بستی اور عسکری پارک کے قریب وقفے وقفے سے فائرنگ جاری ہے،جس کے نتیجے میں 6 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔پولیس کے مطابق پی آئی بی کالونی میں مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے متحدہ قومی موومنٹ کے کارکن 28 سالہ سہیل حسین کو قتل کردیا،پولیس کے مطابق سیاسی جماعت کے کارکن کی ہلاکت کے بعد پی آئی بی کالونی،نشتر بستی اور یونیورسٹی روڈ پر عسکری پارک کے قریب ہونے والی شدید فائرنگ سے 6 افراد زخمی ہوئے۔گولیمار کے علاقے میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا،مقتول کی شناخت 24 سالہ زبیر کے نام سے ہوئی۔ایم ایل او ڈاکٹر آفتاب چنٹر کے مطابق پاکستان چوک کے قریب فائرنگ سے زخمی ہوکر آنے والا 25 سالہ محمد انور دوران علاج سول اسپتال کے سرجیکل وارڈ میں چل بسا۔قصبہ کالونی میں فائرنگ سے خاتون سمیت 2 افراد زخمی ہوئے،پیرآباد کے علاقے میں نامعلوم سمت سے چلنے والی گولی کی ذد میں آکر بچی زخمی ہوگئی،بلدیہ ٹاوٴن کے علاقے اتحاد ٹاوٴن میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک 45 سالہ شیریں بی بی زخمی ہوگئیں۔ ادھر گلبہار کے علاقے حاجی مرید گوٹھ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے خاتون زخمی ہوگئیں،جبکہ اورنگی ٹاوٴن کے علاقے میں اقبال مارکیٹ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 افراد زخمی ہوگئے۔ملیر سٹی کے علاقے میں بیکری میں ڈکیتی مزاحمت کے دوران ہونے والی فائرنگ سے دکاندار38 سالہ صداقت زخمی ہوا۔