15 جون ، 2016
پشاور اور گردو نواح میں 90 کلومیٹر گھنٹہ کی رفتار سے آندھی آئی جس کے باعث مکانات کی چھتیں اور دیواریں گرنے سے بچی سمیت 3 افراد جاں بحق اور 20سے زیادہ زخمی ہوگئے۔
پشاور میں تیز آندھی اور طوفانی بارش سے بشیر آباد، لاہوری گیٹ، گل درہ چوک اور دیگر علاقوں میں کئی مکانات کی دیواریں گر گئیں، جن میں خاتون سمیت 3افراد جاں بحق 20سے زیادہ زخمی ہو گئے۔
زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ اسپتال اور حیات آباد میڈیکل کمپلیکس منتقل کیا گیا، زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد فارع کردیا گیا ہے۔موسلاھار بارش سے شہر میں کئی مقامات پر پانی کھڑا ہو گیا اور ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آندھی کی رفتار 90 کلومیٹر فی گھنٹہ تھی۔ دوسری جانب پیسکو ترجمان کے مطابق تیز ہواؤں کی وجہ سے 400 سے زیادہ فیڈرز متاثر ہوئے جن میں ڈیڑھ سو فیڈرز کی بجلی بحال کردی گئی ہے جبکہ دیگر پر کام جاری ہے۔