07 جولائی ، 2016
عید کے موقع پر تھر میں موسم نے کروٹ کیا بدلی سیاحوں نے صحرا کا رخ کر لیا،رونقوں اور خوشیوں کے سیلاب نے ماحول کو ہی بدل کر رکھ دیا ہے۔
ایک جانب عید کی خوشیاں اور دوسری جانب مون سون کی آوارہ بدلیاں، دونوں کے امتزاج نے تھر کے موسم کو کچھ ایسا خوشگوار کیا کہ سیاحوں کے ٹولے امڈ آئے اور پھر جب ٹھنڈی ٹھنڈی ہواؤں کے ہلکے ہلکے جھونکوں نے ریت کے ذروں کو گدگدایا تو فضائیں گنگناتی محسوس ہونے لگیں۔
مٹھی کے واحد تفریحی مقام گڈی بھٹ پہ سیاحوں کے ہجوم نے ویران صحرا کو آباد کردیا ،تھر کے صحرا میں تفریح کے لیے آنے والوں میں خواتین کی بھی بڑی تعداد شامل ہے ،سیاحوں کے ہجوم نے یہاں میلا لگا دیا ہے۔
کہیں خواتین اور بچوں کو سیلفی کا بخار چڑھا دکھائی دیتا ہے تو کہیں جھولوں کے گرد خواتین اور بچے اپنی باری کے انتظار میں ہیں، بچوں کی بڑی تعداد نے طویل خشک سالی کے سبب اجڑے پارک کو رنگینیوں سے بھر دیا ہے۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ حکومتی توجہ اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے ذریعے مٹھی کی گڈی سے ننگر کے کارونجھر تک کے علاقے کو سیاحوں کی جنت میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔