08 جولائی ، 2016
فقیر منش، انسان دوست، معروف سماجی رہنماعبدالستارایدھی انتقال کرگئے۔ اس بات کا اعلان عبدالستار ایدھی کے صاحبزادے فیصل ایدھی کی جانب سے کیا گیا ہے۔
92سالہ عبدالستار ایدھی گردے فیل ہوجانے کے سبب ڈائلیسز پر تھے، آج ایس آئی یو ٹی میں ڈائلیسز کے دوران ان کی طبیعت خراب ہوگئی جس کے بعد ایدھی صاحب کوسانس تیزہونےپروینٹی لیٹرپرمنتقل کر دیا گیا تھا۔
ایدھی صاحب کے انتقال کے بارے میں فیصل ایدھی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی نماز جنازہ کل نماز ظہر کے بعد میمن مسجد بولٹن مارکیٹ میں ادا کی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ عبدالستار ایدھی کی تدفین ان کی وصیت کے مطابق ان کے پہنے ہوئے کپڑوں میں ہی ایدھی صاحب کی جانب سے ایدھی ویلیج میں 25سال قبل تیار کی گئی قبر میں کی جائے گی۔
فیصل ایدھی نے یہ بھی بتایا کہ ایدھی صاحب نے وصیت کردی تھی کہ ان کے جسم کے جواعضاء کسی کے کام آسکیں وہ اسے عطیہ کردیے جائیں لہٰذا ان کی آنکھ کے قرنیے کا آپریشن کیا جارہا ہے تاکہ کسی مستحق کو وہ عطیہ کیے جاسکیں۔
اس سے قبل بلقیس ایدھی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیصل ایدھی کا کہنا تھا کہ عبدالستار ایدھی 2013ء سے گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے ، انہیں کئی عارضے لاحق تھے، شوگر اور ہائی بلڈ پریشر کے باعث ان کے گردوں نے کام کرنا چھوڑ دیا تھااور وہ ڈائلیسز کرا رہے تھے۔
پریس کانفرنس میں بلقیس ایدھی اور فیصل ایدھی آبدیدہ ہوگئے اور انہوں نے پوری قوم سے ان کی صحت یابی کیلئے دعا کرنے کی اپیل کی تھی۔