Geo News
Geo News

پاکستان
18 جولائی ، 2016

شہری پر تشددمیں ملوث عزیز بھٹی تھانے کے 3اہلکار معطل

شہری پر تشددمیں ملوث عزیز بھٹی تھانے کے 3اہلکار معطل

بادشاہ سلامت پولیس اہلکاروں کی موٹرسائیکل سے شہری کی موٹرسائیکل کیوں ٹکراگئی، کراچی کے تھانے عزیز بھٹی میں پولیس اہلکاروں نے دو شہریوں پر تشددکیا، ایس ایس پی ایسٹ نے تینوں پولیس اہل کار معطل کردیے۔


سندھ پولیس اپنے نت نئے طریقوں کی وجہ سے مشہور ہے، پولیس کی جانب سے ایک شہری کی بلاوجہ دھنائی کردی گئی، جیو نیوزکوموصول ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہےکہ عزیزبھٹی تھانے کے قریب نوجوان پر پولیس نے تشددکیا۔


عزیز بھٹی تھانے میں تعینات 3پولیس اہلکاروں محمد عمر، محمد کامران اور محمد علی کی جانب سے موٹرسائیکل سوار نوجوان کو رکنے کا اشارہ کیا گیا اور نہ رکنے پر نہتے نوجوان کولاتیں ماری گئیں۔


نوجوان پولیس والوں کی مار سہتا رہا اور اپنی بےگناہی کا یقین دلاتا رہا، پولیس کے اس رویے پر عوام سے اچھے برتاؤ کے احکامات ہوا میں اڑتے نظر آئے اور پولیس گردی منظر عام پر آنے کے بعد اعلیٰ حکام جاگے اور واقعے میں ملوث اہلکاروں کے خلاف فوری کارروائی کا حکم دیا۔


تشدد میں ملوث تینوں پولیس اہلکاروں کو ایس ایس پی ایسٹ نے معطل کرکے محکمہ جاتی کارروائی کرنے کا حکم دے دیا تو دوسری جانب ڈی آئی جی ایسٹ نے تینوں پولیس اہلکاروں کو دفتر طلب کرلیا۔


 

مزید خبریں :