25 جولائی ، 2016
کراچی کے سب سے بڑے گجرنالے پرقائم تجاوزات کے خاتمے کے لیے گرینڈ آپریشن آج سے شروع ہوگا، تیاریا ں مکمل کرکے ہیوی مشینری پہنچادی گئی،6 ماہ طویل آپریشن میں 10 ہزار مکانات کا صفایا کیا جائے گا۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلے میں 210 فٹ چوڑے نالے کو تجاوزات کے خاتمے کے بعد 60 فٹ چوڑا کیا جائے گا، 6 ماہ طویل چلنے والے اس آپریشن میں لگ بھگ 10 ہزار مکانات کا صفایا کیا جائے گا۔ ضلع وسطی میں واقع گجرنالہ 13اعشاریہ5 کلومیٹر طویل یہ ہے۔
نکاسی آب کے لئے بنائے گئے اس نالے پر 30 ہزار سے زائد غیر قانونی تعمیرات موجود ہیں،انہیں کےایم سی اور یوٹیلیٹی فراہم کرنے والی کمپنیز کی ملی بھگت سے قانونی حیثیت دلوائی گئی، جس کا خمیازہ بارشوں کے بعد پورے کراچی شہر کو بھگتنا پڑتا ہے ۔
سندھ حکومت نے کئی قیمتی جانوں کے زیاں کے بعد بالاآخر گجر نالے کو صاف کرنے کا فیصلہ کر ہی لیا، جس کے لئے ضلعی انتظامیہ حرکت میں آچکی ہے۔
گلبرگ کیفے پیالہ کے قریب ہیوی مشینری نالے کے اطراف اتاری جاچکی ہے اور راستے میں آنے والی ہر رکاوٹ کو ہٹانے کا کام جاری ہے۔
تجاوزات کیخلاف گرینڈ آپریشن آج سے شروع ہوگا، تاہم آپریشن کے آڑے وہ قانونی لیز آرہی ہیں، جو حکومت کے ماتحت اداروں نے جاری کیں تھیں ، البتہ انتظامیہ نے ایسی تمام لیزز کو غیر قانونی قرار دے کر منسوخ کر دیا ہے۔مگر سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ جن افراد اور محکموں نے یہ غیر قانونی کام کیا ان کے خلاف کاروائی کون اور کب کرے گا ؟۔