28 جولائی ، 2016
آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی کی 8 مخصوص نشستوں میں سے تین پر مسلم لیگ ن کے امیدوار بلا مقابلہ جیت گئے ،خواتین کے پانچ مخصوص نشستوں پر پولنگ کل ہوگی ۔مخصوص نشستوں پر امیدواروں کا چناؤ نو منتخب نمائندے کریں گے ۔
آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر مسلم لیگ ن کے راجہ جاوید اقبال اوورسیز کشمیری،عبد الرشید ترابی ٹیکنو کریٹ اور پیر علی رضا علما مشائخ کی نشستوں پر بلا مقابلہ منتخب ہوگئے ہیں ۔خواتین کی 5نشستوں پر کل پولنگ ہوگی ۔
مخصوص نشستوں پر امیدواروں کا چناؤ نو منتخب نمائندے کریں گے۔ الیکشن کمیشن آزادکشمیر کی جانب سے جاری کردہ سرکاری نتائج کے مطابق 21جولائی کے آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی میں مسلم لیگ ن نے 31 ، پیپلزپارٹی اور مسلم کانفرنس نے تین،تحریک انصاف نے 2 جبکہ جموں کشمیرپیپلزنیشنل پارٹی اور آزاد امیدوار نے 1/1 نشست حاصل کی ہیں ۔اب مسلم لیگ ن کی 34نشستیں ہوگئی ہیں ۔