14 جون ، 2012
کراچی… ملک کے میدانی علاقوں میں سورج کی تپش آج بھی برقرار ہے، تاہم خیبرپختون خوا ، گلگت بلتستان ، مری اور کشمیر کے بالائی علاقوں میں موسم یکسر مختلف ہے۔ ملک اور بیرون ملک کے سیاحوں نے شدید گرمی سے بچنے کے لئے ٹھنڈے علاقوں کا رخ کرلیا ہے۔سندھ ، پنجاب اور بلوچستان کے میدانی علاقے بدستور شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں، تپتی ہوئی دھوپ اورلوڈشیڈنگ نے لوگوں کا برا حال کر رکھا ہے۔ شدید گرمی پڑنے سے مختلف علاقوں میں موسمی بیماریاں بھی پھیل گئیں ہیں جس سے بچے اور بوڑھے زیادہ متاثرہورہے ہیں۔۔بعض مقامات پر گزشتہ روز کی بارش کے بعد موسم بہتر ہے۔ تاہم خیبر پختون ، گلگت بلتستان اور آزادکشمیر کے بالائی علاقوں میں موسم خاصہ خوشگوار ہے۔ ملک اور بیرون ملک کے سیاحوں نے گرمی سے بچنے کے لئے وادی سوات، کالام، مالم جبہ ، ایبٹ آباد ، مانسہرہ ، گلیات، ناران ، کاغان ، اسکردو، مری اور وادی کشمیر جیسے ٹھنڈے اور پر فضا مقامات کا رخ کرلیا ہے۔ سیاحوں کی آمد سے ان علاقوں کی خوبصورتی کو چار چاند لگ گئے ہیں۔