03 اگست ، 2016
کراچی میں عبداللہ ہارون روڈ پر2 منزلہ عمارت گرنے سے متعد دافراد زخمی ہوگئےجنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال پہنچادیا گیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق مارکیٹ نالے پر بنی ہوئی تھی ، جوگیس بھر جانے کے باعث گر گئی تھی۔
عمارت کے منہدم ہونے کے بعد رینجرز اورپولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور ریسکیو آپریشن شروع کردیا گیا۔ زخمی افراد کو سول اسپتال منتقل کردیا گیا۔ زخمی ہونے والے 10 افراد میں سے 50 سالہ مجیب اور 82 سالہ بزرگ فضل شاہ شدید زخمی ہیں۔
پولیس کے مطابق نالے میں گیس بھرجانے سے زور دار دھماکا ہوا اور دو منزلہ عمارت زمین بوس ہوگئی۔ احتیاطی تدابیر کے طور پر گرنے والی عمارت سے ملحقہ ایک اور عمارت کو خالی کرالیا گیا ہے ۔
گرنے والی 2منزلہ عمارت کے نیچے 6 دکانیں موجود تھیں جبکہ قریبی ایک گاڑی بھی کھڑی ہوئی تھے جسے نقصان پہنچا ہے۔ عمارت کے ملبے کو اٹھانے کے لیے کسی قسم کی مشینری ابھی تک نہیں پہنچی ہے۔
حکام کا کہنا ہے عمارت برساتی نالے پر بنائی گئی تھی، عمارت لیز ہے یا نہیں اس کی تحقیقات کی جائے گی۔
فائر افسر وجاہت احمدنےمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمارت گرنے سے 2 راہگیر زخمی ہوئے تاہم عمارت کے ملبے میں کوئی موجود نہیں ہے۔
وجاہت احمد کا کہنا ہے کہ یہ صدر کا مرکزی نالا ہے جو آگے جاکر غائب ہوجاتا ہے۔
ادھردکانوں کے مالکان اپنا قیمتی سامان نکالنے پہنچے تو رینجرز نے امدادی کاموں کے باعث انہیں روک دیا۔