06 اگست ، 2016
کراچی میں بارش انتظامیہ کے دعوے بہا لے گئی،بارش کے باعث مختلف حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 12 ہوگئی،محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں کچھ گھنٹے بعد تیز بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا یہ بھی کہنا ہے کہ بارش کا سلسلہ رات تک جاری رہے گا،کراچی میں کئی کئی فٹ جمع ہونے والے پانی سے سڑکیں تالاب بن گئیں، شہر میں انڈر پاسز میں بھی پانی جمع ہو گیا، اہم تجارتی مراکز کے اطراف بھی پانی ہی پانی ہے، چند پوش علاقوں کے سوا کوئی علاقہ ایسا نہیں،جہاں بارش کا پانی نہیں۔
وقفے وقفے سے بارش کا نظارہ کل سے کراچی والوں نے خوب کیا، بادلوں نے ذرا آرام نہ کیا اور کبھی ہلکی تو کبھی تیز بارش مسلسل ہوتی رہی، جس سے کراچی ٕ کی تقریباً تمام بڑی شاہراہوں پر پانی کھڑا ہو گیا ۔
ناظم آباد کے دونوں انڈر پاسز میں پانی بھر نے کے باعث انہیں ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے، شارع فیصل، شارع پاکستان، یونیورسٹی روڈ، کورنگی روڈ، کارساز روڈ، ایم اے جناح روڈ، راشد منہاس روڈ اور جہانگیر روڈ پر کئی مقامات پر پانی جمع ہے۔
گلشن اقبال، ملیر، لانڈھی، شارع فیصل، لیاری، ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، کورنگی اور فیڈرل بی ایریا کے اندر چھوٹی اور بڑی سڑکوں پر بھی کئی کئی فٹ پانی جمع ہے، جس کے باعث کئی لوگ آج اپنے کاموں پر نہ جاسکے۔
کوئی سڑک پر پانی کے باعث گاڑی بند ہونے سے پریشان نظر آیا،تو کسی نے پانی میں کشتی چلا کر لطف اٹھایا، سٹی کورٹ اور سیشن عدالتوں کے احاطوں میں بھی جمع پانی کی نکاسی نہ ہوسکی،جس کے باعث آج مقدمات کی سماعت نہ ہوسکی،محکمہ موسمیات نے آج بھی وقفے وقفے سے کراچی میں بارش کی پیش گوئی کی ہے۔