پاکستان
06 اگست ، 2016

بلیک لسٹ امریکی جاسوس اسلام آباد سے گرفتار

بلیک لسٹ امریکی جاسوس اسلام آباد سے گرفتار

 


پاکستان کی ایٹمی تنصیبات کی جاسوسی کے الزام میں ملک بد ر امریکی شہری کو دوبارہ پاکستان آنے پر اسلام آباد سے گرفتار کر لیا گیا۔


میتھیو بیرٹ کو ویزا کیوں اور کس کے کہنے پر جاری ہوا، نام بلیک لسٹ میں ہونے کے باجود امیگریشن کیسے ہو گئی، وزارت داخلہ کے مطابق 3 سطح پر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔


امریکی شہری میتھیو بیرٹ کو پاکستان کی ایٹمی تنصیبات کی جاسوسی کے الزام میں 2011ء میں ملک بدر کیا گیا تھا،وہ جون 2011ء میں فتح جنگ میں حساس علاقے میں گیا تھا جہاں سیکیورٹی حکام سے ہاتھا پائی بھی کی۔


وزارت داخلہ نے اس کا ویزا منسوخ کیا اور 11 جون2011ء کو اسے امریکا ڈی پورٹ کردیا گیا،ذرائع کے مطابق اب میتھیو بیرٹ دھوکے سے ویزا لے کر استنبول سے پاکستان آیا،اس نے پاکستان آنے کی وجہ فیملی بتائی ہے۔


ایف آئی اے کے مطابق میتھیو کی ایک پاکستانی بیوی ہے، میتھیو نے امیگریشن کارڈ پر اسلام آباد میں اپنا ایڈریس ہاؤس نمبر 26 بی، اسٹریٹ نمبر 27 جی ایٹ ون درج کیا ہے،میتھیو بیرٹ کا نام بلیک لسٹ میں موجود ہے،مگر وہ 5 اگست کو دوبارہ پاکستان آیا تو اسلام آباد ایئرپورٹ پر امیگریشن کلیئرنس حاصل کرنے میں کامیاب ہو گیا۔


بعد میں ایف آئی اے کے اپنے ہی سسٹم سے پتہ چلا کہ بلیک لسٹ امریکی شہری پاکستان میں داخل ہو گیا ہے تو اس کی تلاش اسلام آباد، پنجاب اور خیبر پختونخوا میں شروع کر دی گئی۔


ایف آئی اے ذرائع کے مطابق میتھیو بالآخر اسلام آباد کے ایک گیسٹ ہاؤس سے پکڑا گیا، اسلام آباد ایئر پورٹ پر کلیئرنس کے وقت تعینات تمام امیگریشن عملے کو معطل کر دیا گیا ہے۔


وزارت داخلہ نے میتھیو کا نام بلیک لسٹ میں ہونے کے باوجود اس کی امیگریشن کی تحقیقات کے لیے ایڈیشنل سیکریٹری کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دے دی ہے۔


کیپٹن ریٹائرڈ الیاس کی سربراہی میں جے آئی ٹی بھی بنا دی گئی ہے جس میں آئی ایس آئی، آئی بی، ایف آئی اے اور پولیس کے نمائندے شامل ہوں گے۔


اس کے علاوہ ہوسٹن میں پاکستانی قونصلیٹ کے ویزا افسران سے بھی جواب طلبی کر لی گئی ہے کہ میتھیو بیرٹ کو کیو ں اور کس کے کہنے پر ویزا جاری کیا گیا۔


میتھیو بیرٹ کو ایف آئی اے حکام نے راولپنڈی کے سول جج عمران یعقوب کی عدالت میں پیش کر کے 3 روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کر لیا ہے۔

مزید خبریں :