کھیل
11 اگست ، 2016

اوول ٹیسٹ کا آج سے آغاز، پاکستان سیریز برابر کرنے کیلئے پر امید

اوول ٹیسٹ کا آج سے آغاز، پاکستان سیریز برابر کرنے کیلئے پر امید

 


پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیمیں چوتھے ٹیسٹ میں آج مدمقابل ہوں گی۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم لندن کے اوول کرکٹ گرائونڈ میں بہتر ریکارڈ سے تقویت حاصل کرنے کیلئے پرامید ہے۔


اس تاریخی گرائونڈ میں پاکستان نے سات میں چار ٹیسٹ میچوں میں میزبان ٹیم کو شکست دی ہوئی ہے۔ لیکن انگلینڈ کے خلاف حالیہ ٹیسٹ سیریز کو دو دو سے برابر کرنے کے لئے پاکستانی ٹیم کو ایڑھی چوٹی کا زور لگانا ہوگا۔


پاکستان کیلیے بری خبرہے کہ فاسٹ بولر راحت علی گھٹنے کی تکلیف میں مبتلا ہوگئے ہیں، ان کی میچ میں شرکت مشکوک ہے، اگر وہ فٹ نہ ہوسکے تو ان کی جگہ وہاب ریاض کو ملے گی۔ اوول کی وکٹ سیم بولنگ کے لئے سازگار دکھائی دے رہی ہے۔


 اوول ٹیسٹ کے درمیان بارش ہوگی اس لئے میچ میں بارش کا کردار بھی ہوگا۔ اگر انگلینڈ سیریز تین ایک سے جیت گیا تو وہ ٹیسٹ کرکٹ میں عالمی نمبر ایک بن جائے گا۔ پاکستان کو اپنی عالمی نمبر تین پوزیشن کو برقرار رکھنے کے لئے ٹیسٹ سیریز برابر کرنا ہوگی۔پاکستان نے بالاخر آئوٹ آف فارم محمد حفیظ سے چھٹکارہ حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔


اننگز کا آغاز اظہر علی اور سمیع اسلم کرسکتے ہیں۔ انگلینڈ نے اپنی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ عادل رشید میچ نہیں کھیلیں گے۔ اگر کوئی کھلاڑی ان فٹ ہوتا ہے تو تبدیلی ہوگی ۔ مڈل آرڈر بیٹسمین جیمز ونس فٹ ہوگئے ہیں۔


پاکستانی انتظامیہ کا خیال ہے کہ وکٹ پر گھاس ہے اور اس میں نمی بھی موجود ہے، بیٹنگ کے لئے آسان نہیں ہوگی۔ پاکستانی کیمپ کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس سیریز میں اس طرح کی وکٹ نہیں دیکھی جو بظاہر مشکوک دکھائی دیتی ہے۔ کسی کو علم نہیں کہ وکٹ کا رویہ کیا ہوگا۔


پاکستان نے بیس سال سے انگلش سر زمین پر کوئی ٹیسٹ سیریز نہیں جیتی ہے۔ جبکہ ایشیا سے باہر پاکستان نے چھ سال پہلے آخری ٹیسٹ سیریز نیوزی لینڈ کے خلاف جیتی تھی ۔ مصباح الحق بھی تسلیم کرتے ہیں کہ ٹیسٹ سیریز کو برابر کرنے کے لئے پاکستانی ٹیم کو غیر معمولی کرکٹ کھیلنا ہوگی۔


انگلش ٹیم کو سیریز میں دو ایک کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔ سیریز میں پاکستانی کی بیٹنگ لاین مشکلات سے دوچار رہی ہے۔ پاکستان نے اپنی ٹیم میں بائیں ہاتھ کے مڈل آرڈر بیٹسمین افتخار احمد کو کھلانے کا خطرہ مول لیا ہے۔25سالہ افتخار احمد کے آنے سے پاکستانی ٹیم کا بیلنس ایک بار پھر بگڑ جائے گا۔ کیوں کہ اظہر علی کو اننگز اوپن کرانے کی بازگشت جاری ہے۔


افتخار احمد دو ون ڈے اور ایک ٹی 20 کھیل چکے ہیں۔ انٹر نیشنل کرکٹ میں ان کا سب سے زیادہ اسکور پانچ ناٹ آئوٹ ہے ۔ وہ آف اسپین بولنگ بھی کرتے ہیں اور 31فرسٹ کلاس میچوں میں27وکٹیں بھی حاصل کرچکے ہیں۔


یونس خان ون ڈائون پر کھیلیں گے۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 2001کی سیریز ایک ایک سے برابر ہوئی تھی۔ اس کے بعد پاکستان کو2006میں تین اور گذشتہ سیریز میں2010میں تین ایک سے شکست ہوئی تھی ۔ پاکستان نے واحد ٹیسٹ اوول میں جیتا تھا۔

مزید خبریں :