کاروبار
14 جون ، 2012

انرجی بحران پر قابو پانے کیلئے متبادل ذرائع تلاش کرنا ضروری ہے، گورنر سندھ

انرجی بحران پر قابو پانے کیلئے متبادل ذرائع تلاش کرنا ضروری ہے، گورنر سندھ

کراچی … گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ ملک میں اس وقت انرجی کا شدید بحران ہے جس پر قابو پانے کیلئے متبادل ذرائع تلاش کرنا بہت ضروری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بصورت دیگر معاشی ترقی کا پہیہ رک جائے گا۔ یہ بات انہوں نے گورنر ہاوٴس میں بائیو گیس پلانٹ کے آغاز کی تقریب سے خطاب میں کہی۔ گورنر سندھ نے کہا کہ متبادل ذرائع کے تلاش میں ہر ممکن کوشش جاری رہنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ شمسی توانائی، ونڈ انرجی اور جانوروں کے فضلے کے ذریعے ایندھن کی پیداوار وہ ذرائع ہیں جن پر مستقبل میں انحصار کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ونرجی (Winergy)کی حالیہ کاوش جس میں بن قاسم لانڈھی میں 2 لاکھ کیوبک میٹر بائیو گیس یومیہ پیدا کرنے کا پلانٹ لگا یا جارہا ہے وہ نہ صرف اس ملک میں پہلی کاوش ہے بلکہ دنیا کے سب سے بڑے پلانٹ کے طور پر متعارف ہوگا۔ گورنر سندھ نے کہاکہ اس وقت چین میں 2 لاکھ جانوروں کے فضلے سے بائیو گیس تیار کی جارہی ہے جبکہ کراچی میں 5 لاکھ جانوروں کے فضلے سے بائیو گیس پیدا کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔ انہوں نے کہا اس پروجیکٹ کے لگنے سے ایک طرف نہ صرف وافر مقدارمیں سی این جی کا حصول یقینی ہوگا بلکہ دوسری طرف ان فضلوں سے پیدا ہونے والی گندگی اور بیماریوں سے بھی نجات حاصل ہوگی۔ اس موقع پر انہوں نے اپنی اور حکومت سندھ کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

مزید خبریں :