17 اگست ، 2016
دہشت گردی سے نمٹنے کے بڑے بڑے دعوے کیے جاتے ہیں مگر سیکیورٹی اہلکار ضروری سامان اور آلات سے محروم ہیں، بلوچستان کا پولیس اہلکار حفاظتی سامان کے بغیر بم ناکارہ بناتے ہوئے شہید ہوگیا۔
پنہل خان صرف شلوار قمیص میں ہی بم ناکارہ بنانے میں مصروف تھا ،اس نے پٹ فیڈر کینال کے بند میں نصب 2 بم ناکارہ بنا دیئے تھے ،تیسرا بم ناکارہ بنانے کے دوران پھٹ گیا اور پنہل خان کی جان چلی گئی ۔
دنیا بھر میں بم ڈسپوزل اسکواڈز کو خصوصی لباس اور آلات سے لیس کر کے میدان میں اتارا جاتا ہے ،روبوٹس بھی ہوتے ہیں اور جدید سے جدید تر ڈٹیکٹر بھی مگر جعفرآباد کا بم ڈسپوزل اسکواڈ کا اہلکار پنہل خان صرف شلوار قمیض پہن کر ہی بم ناکارہ بناتا رہا ۔
شہید ہیڈ کانسٹینل پنہل خان اسپیشل برانچ میں تعینات تھاجو جان دے گیا مگر جعفرآباد اور نصیر آباد کی زراعت کو بڑی تباہی سے بچاگیا، اگر ان بموں کے پھٹنے سے پٹ فیڈر کینال میں شگاف پڑجاتا تو ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہوجاتیں۔