20 اگست ، 2016
او آئی سی کے سیکریٹری جنرل ایاد امین مدنی کا کہنا ہے کہ عالمی برادری کو نہتے کشمیریوں پر بھارتی مظالم کے خلاف آواز اٹھانی ہو گی، امید ہے کشمیر میں ریفرنڈم ہو گا، او آئی سی کا اجلاس پاکستان میں بلانے کا خیر مقدم کریں گے۔
اسلام آباد میں مشیر خارجہ سرتاج عزیز کے ہمراہ نیوز کانفرنس میں او آئی سی کے سیکریٹری جنرل ایاد امین مدنی کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقو ق کی صورت حال سنگین ہوتی جارہی ہے، جس پر چپ نہیں رہا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیا ں ہو رہی ہیں، جن پر چپ نہیں رہا جا سکتا، صورت حال روز بروز خراب ہورہی ہے، عالمی برادری کی زمہ داری ہے کہ وہ اس صورت حال پر آواز اٹھائے۔
ایاد امین مدنی کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل نکلنا چاہیے، مقبوضہ کشمیر کی صورت حال بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہمیں امید ہے کہ کشمیر میں ریفرنڈم کی جانب پیش رفت ضرور ہو گی اور ہمیں ریفرنڈم سے گھبرانے کی ضرورت نہیں، یہ کشمیریوں کی مرضی ہے کہ وہ اس طرف رہنا چاہتے ہیں یا اس طرف۔
مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے توقع کی کہ اقوام متحدہ سمیت تمام عالمی ادارے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و بربریت کا نوٹس لیں گے۔