15 جون ، 2012
کراچی … کراچی کے علاقے ناظم آباد میں مسلح ملزمان نجی بینک سے 46 لاکھ روپے کی رقم لوٹ کر فرار ہوگئے، جیو نیوز نے بینک ڈکیتی کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی ہے، برانچ میں موجود 5 ملزمان کی جانب سے بینک میں موجود عملے اور آنے والے گاہکوں پر تشدد بھی کیا گیا۔ ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل عاصم قائم خانی کے مطابق ناظم آباد کے علاقے میں چاوٴلہ مارکیٹ کے قریب 7 مسلح ملزمان بینک ڈکیتی کیلئے پہنچے، جنہوں نے بینک کے عملے کو اسلحے کے ذور پر یرغمال بنایا اور 10 منٹ سے زائد کا وقت بینک میں گزارا، جس کے دوران انہوں نے بینک کے اسٹرانگ روم، کیشیئر اور برانچ منیجر سے 46 لاکھ روپے کی رقم چھین لی، بینک ڈکیتی کی سی سی ٹی وی فوٹیج جیو نیوز نے حاصل کرلی ہے، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ملزمان نے بینک میں موجود عملے اور آنے والے صارفین، خواتین کو تشدد کا نشانہ بناکر ان کے موبائل فونز اور نقدی بھی چھین لی۔ بینک کی برانچ میں داخل ہونے والے 5 ملزمان میں سے 2 ملزمان نے چہرے چھپانے کیلئے ماسک بھی لگارہا تھا۔ ایس ایس پی اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ خرم وارث نے بتایا کہ ملزمان فوٹیج دیکھنے کے باہر نہایت ماہر نظر آتے ہیں اور کچھ ایسے شواہد ملے ہیں کہ ملزمان کا تعلق ایک کالعدم گروہ سے ہے۔ پولیس نے واقعے کے بعد برانچ میں تعینات نجی کمپنی کے 2 سیکیورٹی گارڈز اور ایک ملازم کو گرفتار کرلیا ہے، زیر حراست گارڈز کے پاس سے موبائل فون کی ٹوٹی ہوئی سمز اور میموری کارڈ بھی ملے ہیں۔