پاکستان
24 اگست ، 2016

کراچی میں میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخابات آج ہونگے

کراچی میں میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخابات آج ہونگے

 

کراچی میں میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخابات آج ہورہے ہیں ۔ ایم کیو ایم کو 308 کے ایوان میں 214 نشستوں کے ساتھ سادہ اکثریت حاصل ہے لیکن نامزد میئر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی حراست میں ہیں۔

میئر اور ڈپٹی میئر منتخب کرنے کے لئے کسی بھی جماعت کو 155 ووٹ درکار ہوتے ہیں جبکہ ایم کیو ایم کے پاس 60 نشستیں زائد ہیں۔ ایم کیو ایم کو 308 نمائندوں کے ایوان میں 214 نشستوں کے ساتھ سادہ اکثریت حاصل ہے ۔

نامزد میئر وسیم اختر پولیس کی حراست میں ہیں ۔ترجمان بلدیہ عظمیٰ کراچی کے مطابق انتخابات کی تیاریاں کے ایم سی کی جانب سے مکمل کر لی گئی ہیں اور کل انتخابات معمول کے مطابق ہوں گے ۔

گزشتہ سال کے بلدیاتی انتخابات میں کراچی میں ایم کیو ایم نے واضح برتری حاصل کی۔

کل ہونے والے انتخابات میں 209 منتخب چیئرمین اورمخصوص نشستوں پر کامیاب 99 نمائندے ووٹ ڈالیں گے اور اس انتخابات کو ایڈمنسٹریٹر کراچی پریذائڈنگ افسر کے طور پر اپنے فرائض سر انجام دیں گے۔

انتخابی سامان پریذائڈنگ افسر کو فراہم کردیا گیا ہے۔ انتخابات کے ریٹرننگ افسر سمیع صدیقی نے جیل سپرنٹنڈنٹ کو وسیم اختر کو پیش کرنے کیلیے خط بھی لکھا ہے تاہم گزشتہ روز حراست میں لئے گئے نامزد ڈپٹی میئر کا کیا ہوگا اس کا فیصلہ آج آر او کرے گا۔

ووٹنگ اولڈ کے ایم سی بلڈنگ ایم اے جناح روڈ پر ہوگی جبکہ حلف برداری 30 اگست کو ہوگی۔

 

مزید خبریں :