05 ستمبر ، 2016
جواد شعیب...کراچی میں سندھ ہائی کورٹ کے سامنے ’جو قائد کا غدار ہے وہ موت کا حقدار ہے‘کے نعروں والے بینرز لگا دیےگئے،تھوڑی دیر بعد ریگل چوک پر بھی بینرز لگ گئے،اس بار لکھا تھا ’فاروق ستارنامنظور،رابطہ کمیٹی مردہ باد‘۔
بینر کس نے لگائے کیسے لگے، سی سی ٹی وی کیمرے بھی موجود ہیں، مگر بینر لگانے والوں کا پتہ نہ چل سکا،خبرمیڈیا پر آنے پر پولیس نے بینر اتار لیے، تین مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔
کراچی میں بدلہ گروپ کے بعد جانشین بانی متحدہ کے نام سے ایک اور گروپ سامنے آگیا ہے، بدلہ گروپ نے شہر میں مختلف مقامات پر چاکنگ کی تھی تو جانشین گروپ بینرز لگاتا پھر رہا ہے۔
پیر کو جانشین گروپ کا پہلا بینر سندھ ہائی کورٹ کے باہر نظر آیا جس پر ’جو قائد کا غدار ہے وہ موت کا حقدار ہے ‘ تحریر تھا،نامعلوم افراد کی جانب سے لگائے گئے دھمکی آمیز بینر پر جانشین بانی ایم کیو ایم بھی تحریر تھا۔
سندھ ہائی کورٹ کے باہر بینرلگنے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور بینر اتاردیا، بینر جس مقام پر لگایا گیا تھا اس مقام پر کھڑی ایک مشکوک کار اور اس میں سوار تین افراد کو بھی حراست میں لے لیا گیا جن سے پولیس کی تفتیش جاری ہے۔
پولیس کے مطابق جس مقام پر بینر لگایا گیا وہاںسی سی ٹی وی کیمرا موجود ہےاور تفتیش میں سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج سے بھی مدد لی جائے گی، اس واقعے کے کچھ ہی دیر بعد کراچی کے مصروف ترین علاقے صدر میں ریگل چوک کے مقام پر نامعلوم افراد بینر لگاگئے جس پر ’فاروق ستارنامنظور،رابطہ کمیٹی مردہ باد‘لکھا تھا۔
دوسری جانب کراچی میں ہائیکورٹ اور صدر میں بینرزلگانےکاآئی جی سندھ نےنوٹس لے لیا، ترجمان کے مطابق آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے ایڈیشنل آئی جی اورڈی آئی جیز کو اقدامات کی ہدایت کی ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ آئی جی سندھ نے کہا کہ شرپسند عناصر خوف وہراس پھیلانے کی کوشش کررہے ہیں، کراچی میں بینرز لگانا صوبےکے امن کو سبوتاژ کرنے کی کوشش ہے۔