30 جنوری ، 2012
لاہور … لاہور ہائی کورٹ نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے پاس 18 وزارتوں اور محکموں کے اضافی چارج کے خلاف دائر درخواست میں ترمیم کی اجازت دے دی۔ درخواست گزار نوشاب خان ایڈووکیٹ نے درخواست میں موٴقف اختیار کیا ہے کہ کئی اہم وزارتیں اور محکمے وزیر اعلیٰ نے اپنے پاس رکھے ہوئے ہیں جو آئین کے منافی ہے، وزیراعلیٰ مصروفیات کے باعث ان محکموں کی طرف توجہ نہیں دیتے۔ عدالت نے درخواست گزار سے استفسار کیا کہ وزیر اعلیٰ کو فریق نہیں بنایا گیا، جس پر وکیل نے جواب دیا کہ وزیراعلیٰ کو استثنا کی وجہ سے فریق نہیں بنایا۔ عدالت نے کہا کہ اس بات کا فیصلہ عدالت کرے گی، درخواست گزار کو وزیراعلیٰ کو فریق بنانا چاہئے۔ نوشاب خان ایڈووکیٹ کی استدعا پر عدالت نے انہیں درخواست میں ترمیم کی اجازت دیدی۔