11 ستمبر ، 2016
کراچی بورڈ کے انٹر پری انجینئر نگ اور جنرل سائنس گروپس میں طالبات نے میدان مار لیا ،دونوں گروپس کی 6میں سے 5پوزیشنز طالبات کے نام رہی۔
کنٹرولر امتحانات کراچی بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن عمران چشتی نے نتائج کا اعلان کیا ،پری انجینئرنگ میں پہلی دونوں پوزیشن آغا خان ہائرسکینڈری اسکول کی انعم عماد صدیقی اور عائشہ مظفر نے جبکہ تیسری نمبر پر آدم جی گورنمنٹ سائنس کالج کے عبدالصبور احمد رہے ،تینوں نے 1100 میں سے بالترتیب 998،997 اور 992نمبر حاصل کئے ۔
کنٹرولر امتحانات کے مطابق جنرل سائنس گروپ میں تینوں پوزیشنز ڈی اے ڈگری کالج فار ویمن نے حاصل کیں ،سدرہ خالد 928نمبر لے کر پہلی ،فضا دانش 922نمبر کے ساتھ دوسری اور سیدہ رباب زہرہ 921نمبر کے ساتھ پوزیشن لینے کامیاب رہیں ۔
بورڈ نے دونوں گروپس میں پہلی پوزیشن لینے والوں کو ایک ایک لاکھ روپے ،دوسری پوزیشن پانے والوں کو 50،50ہزار اور تیسرے نمبر پر رہنے والوں کو 30،30ہزار روپے انعام اور میڈل دئیے گئے ۔
نتائج کے مطابق پری انجینئرنگ گروپ میں 31ہزار 59طلبہ وطالبات نے رجسٹریشن حاصل کی ،جس میں سے 30ہزار 7سو 9نے امتحانات میں شرکت کیجبکہ 15154طلبہ وطالبات کامیاب رہے ،امتحانات میں کامیابی کا تناسب 49فیصد رہا جو گزشتہ برس کے مقابلے میں 4فیصد زائد ہے ۔
جنرل سائنس گروپ میں2658طلبہ و طالبات نے رجسٹریشن حاصل کی ،جس میں سے 2627نے شرکت کی جبکہ 1214طلبہ و طالبات نے کامیابی حاصل کی ،امتحانات میں کامیابی کا تناسب 46فیصد رہا ۔